232

آسٹریلوی کرکٹرسمتھ اور وارنر پر ایک سال کی پابندی عائد

میلبرن: آسٹریلین کرکٹ بورڈ نے بال ٹیمپرنگ میں ملوث دستبردار آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ اور  نائب کپتان ڈیوڈ وارنر پر ایک سال کی پابندی عائد کردی جب کہ بلے باز کیمرون بینکرافٹ کو 9 ماہ پابندی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو جیمز سدر لینڈ نے گزشتہ روز تینوں کرکٹرز کو معطل کرتے ہوئے انہیں جنوبی افریقا سے واپس وطن بھیجنے کی ہدایت کی تھی جب کہ تینوں کھلاڑیوں کی سزاؤں کے حوالے سے انہوں نے آئندہ 24 گھنٹے اہم قرار دیے تھے۔

جیمز سدرلینڈ نے ٹیم کے کوچ ڈیرن لہمن کو کلئیر قرار دیتے ہوئے کام جاری رکھنے کی ہدایت کی تھی۔آسٹریلین ٹیم کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ بال ٹیمپرنگ کھیل کی روح کے منافی ہے اور ایسا ہونا آسٹریلین کرکٹ کے لئے مایوس کن ہے۔

معطل کھلاڑیوں کی جگہ میکس ویل، جائے برنز اور میتھیو رینشا کو جنوبی افریقا کے خلاف چوتھے ٹیسٹ کے لئے کیپ ٹاؤن بلایا گیا ہے  جب کہ ٹم پین قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔

یاد رہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز آسٹریلوی بلے باز کیمرون بینکروفٹ فیلڈ کے دوران بال ٹیمپرنگ کرتے ہوئے پکڑے گئے تھے جس کے بعد انہوں نے کپتان اسٹیون اسمتھ کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران اعتراف جرم کیا۔ سمتھ نے اعتراف کیا کہ انہیں بال ٹیمپرنگ سے متعلق علم تھا اور یہ دانستہ طور پر کیا گیا۔