312

پشاور ٹائٹل کے دفاع میں ناکام، اسلام آباد دوسری بار چیمپئن بن گیا

کراچی: پاکستان سپر لیگ تھری کے فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر دوسری بار پی ایس ایل ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

دفاعی چیمپئن پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے۔

پشاور کی جانب سے کامران اکمل اور ڈیرن سیمی سمیت کوئی کھلاڑی نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکا، کرس جارڈن 36 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ آخری وکٹ پر وہاب ریاض نے 14 گیندوں پر 28 رنز بناکر ٹیم کا اسکور 148 تک پہنچایا۔

اسلام آباد کی جانب سے شاداب خان نے تین جبکہ سمت پٹیل اور حسین طلعت نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں اسلام آباد نے 149 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر 16.5 اوورز میں حاصل کرلیا۔

اسلام آباد کی جانب سے لیوک رونکی 52، صاحبزادہ فرحان 44 اور آصف علی صرف 6 گیندوں پر 26 رنز بناکر نمایاں رہے۔

پشاور کے وہاب ریاض، حسن علی اور کرس جارڈن نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔