60

ایک ہفتے میں 13 اشیاء مہنگی، 14 سستی، 24 اشیاء کی قیمتیں مستحکم

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں گزشتہ ہفتے مہنگائی کی رفتار میں 0.29 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح کم ہو کر 1.35 فیصد پر آ گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران 13 ضروری اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ، 14 اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ 24 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
زیادہ اضافے والی اشیاء میں ٹماٹر کی قیمت 12.01 فیصد، انڈے 8.16 فیصد، گڑ 1.50 فیصد، کیلے 1 فیصد، اور آٹا 0.63 فیصد مہنگا ہوا۔ دالوں میں مونگ، چنا اور ماش سمیت بیف، مٹن اور خشک دودھ کی قیمتوں میں بھی معمولی اضافہ ہوا۔
دوسری جانب چکن 7.26 فیصد، پیاز 5.43 فیصد، لہسن 2.71 فیصد اور ایل پی جی 2.44 فیصد سستی ہوئی۔ آلو، چینی، دال مسور اور گھی کی قیمتوں میں بھی جزوی کمی دیکھی گئی۔
مہنگائی کا بوجھ آمدنی کے لحاظ سے مختلف طبقوں پر الگ الگ پڑا۔ 17 ہزار 732 روپے ماہانہ آمدنی والے طبقے کیلئے مہنگائی میں 0.54 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ 44 ہزار 176 روپے سے زائد آمدنی والوں کیلئے یہ شرح 2.35 فیصد رہی۔