3

پی ایس ایل: ملتان سلطانز کا کوئٹہ کو جیت کیلئے 186 رنز کا ہدف

پاکستان سپر لیگ 10 کے 28ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 186 رنز کا ہدف دیا ہے۔ راولپنڈی میں کھیلے گئے اس میچ میں ملتان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔
سلطانز کی جانب سے یاسر خان 45 اور طیب طاہر 36 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ جہانزیب سلطان نے 25، شاہد عزیز نے 29، اور ہمایوں الطاف نے 16 رنز بنائے جبکہ کپتان محمد رضوان صرف 4 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ پیٹر ہیٹزوغلو ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
کوئٹہ کے بولرز میں عثمان طارق نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد وسیم، ابرار احمد، فہیم اشرف اور خرم شہزاد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور کہا کہ لیگ کے آخری میچ میں کامیابی حاصل کر کے پلے آف سے پہلے حوصلہ بلند رکھنا چاہتے ہیں۔ کوئٹہ کے کپتان سعود شکیل نے کہا کہ ان کی ٹیم جیت کے ساتھ اگلے مرحلے میں پہنچنے کی کوشش کرے گی۔