اسلام آباد: بجلی کے نرخوں میں کمی کے حوالے سے ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں چار سرکاری پاور پلانٹس نے ٹیرف کم کرنے پر اپنی رضامندی ظاہر کی ہے۔
یہ پاور پلانٹس بجلی فراہم کرنے کے لیے ’’ٹیک اینڈ پے‘‘ کی بنیاد پر کام کرنے کا عندیہ دے چکے ہیں، جس کے بعد سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو درخواست بھیج دی ہے۔
ٹیرف میں کمی کے حوالے سے نیپرا میں 24 اپریل کو سماعت ہوگی، جہاں نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی بلوکی، نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی حویلی بہادر شاہ، سینٹرل پاور جنریشن کمپنی، اور ناردرن پاور جنریشن نندی پور کی جانب سے نرخوں میں کمی کی درخواستوں پر غور کیا جائے گا۔
یہ اقدام بجلی صارفین کے لیے ممکنہ ریلیف فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔