نئی دہلی (نمائندہ خصوصی) آئی پی ایل ایک بار پھر فکسنگ کے خطرات کی زد میں آ گیا، بھارتی کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کو خبردار کرتے ہوئے فوری طور پر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک کاروباری شخصیت، جس کے بکیز سے گہرے تعلقات بتائے جا رہے ہیں، آئی پی ایل کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو قیمتی تحفوں اور دعوتوں کا لالچ دے کر اپنے شکنجے میں لانے کی کوشش کر رہا ہے۔ یہ شخص مختلف ٹیم ہوٹلز اور میچز کے دوران بھی دیکھا گیا ہے۔
بی سی سی آئی کی اینٹی کرپشن یونٹ نے اس ممکنہ خطرے کے پیشِ نظر تمام ٹیموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایسی کسی بھی مشکوک سرگرمی سے دور رہیں اور فوری رپورٹ کریں۔ یونٹ نے کہا ہے کہ یہ شخص ماضی میں بھی مشبہ حرکات میں ملوث رہا ہے اور ایک مرتبہ پھر فکسنگ مافیا کا فعال رکن بن چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق بی سی سی آئی کسی بھی قسم کی کرپٹ سرگرمی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہے اور لیگ کی ساکھ بچانے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔