بنگلورو: رائل چیلنجرز بنگلور کے سینئر بیٹر ویرات کوہلی نے انڈین پریمیئر لیگ میں ایک اور ناقابلِ یقین کارنامہ اپنے نام کر لیا۔ وہ آئی پی ایل میں ایک ہزار باؤنڈریز مکمل کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
یہ سنگ میل انہوں نے دہلی کیپیٹلز کے خلاف چناسوامی اسٹیڈیم میں بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھے اوور میں چھکا مار کر عبور کیا۔ ویرات کوہلی نے اب تک لیگ میں 721 چوکے اور 280 چھکے لگائے ہیں، جن کی مجموعی تعداد ایک ہزار بنتی ہے۔
ویرات کوہلی نہ صرف سب سے زیادہ باؤنڈریز مارنے والے بیٹر ہیں بلکہ ان کے پاس آئی پی ایل میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز بھی موجود ہے۔ انہوں نے 257 میچز میں 8,190 رنز اسکور کیے ہیں۔
چھکوں کی فہرست میں وہ کرس گیل اور روہت شرما کے بعد تیسرے نمبر پر ہیں۔ یہ نئی کامیابی ان کے کیریئر میں ایک اور یادگار اضافہ ہے۔