448

ڈالر کی ا ونچی اڑان ٗ روپے کی قدر مزید کم

اسلام آباد ۔پاکستانی روپے کی قدر مزید کم ہوگئی ہے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی اونچی اڑان جاری ہے جو 116 روپے کی بلند ترین سطح پر جا پہنچا جب کہ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 50 پیسے کا اضافہ ہوگیا ہے۔فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق مارکیٹ میں پیسے کی قدر میں کمی آرہی ہے اور ڈالر مسلسل اوپر کی طرف جارہا ہے ۔

جس کی اوپن مارکیٹ میں قیمت 116 روپے ہوگئی ہے۔فاریکس ڈیلرز کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر 116 روپے کا ہونے کے بعد انٹر بینک مارکیٹ میں اس کی قیمت میں 50 پیسے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد ڈالر 115 روپے 50 پیسے پر ٹریڈ ہورہا ہے۔صدر فاریکس ایسوسی ایشن ملک بوستان کے مطابق اوپن مارکیٹ میں یورو 3روپے مہنگا ہوکر 140روپے 50 پیسے پرپہنچ گیا اوپن مارکیٹ میں سعودی ریال 80 پیسے مہنگا ہوکر 30.60 روپے پرپہنچ گیا جب کہ متحدہ عرب امارات کا درہم 70 پیسیمہنگا ہوکر 31.20 روپیکاہوگیا۔ دریں اثنا وزیرمملکت برائے خزانہ رانا افضل کا کہنا ہیکہ ڈالر کی قمیت میں اضافے کو روکا نہیں جاسکتا کیونکہ اس کی قیمت کا تعین مارکیٹ فورسز کرتی ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ رانا افضل نے کہا کہ ڈالر کی قیمت بڑھنے سے برآمدات بڑھیں گی، ڈالر کی قمیت میں اضافے کو روکا نہیں جا سکتا، ڈالرکے معاملے پر ہم مداخلت نہیں کرتے، رانا افضل کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال میں 3 ارب ڈالر سے زیادہ کا بیرونی قرض واپس کرنا ہے، بیرونی ادائیگیوں سے متعلق حکومت پریشان نہیں ہے، اس کے لیے بہت ساری چیزیں پائپ لائن میں ہیں۔وزیر مملکت برائے خزانہ نے مزید کہا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ عوام دوست ہو گا، بجٹ میں اگر ضرورت پڑی توٹیکس انتہائی محدود بڑھائیں گے۔