اسلام آباد: ملک میں ٹیکس نیٹ وسیع ہوتا جا رہا ہے اور اب ایف بی آر میں رجسٹرڈ کاروباری افراد اور کمپنیوں کی تعداد ایک کروڑ 25 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
یہ تفصیلات فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ایوان میں پیش کیں جن کے مطابق گزشتہ تین برس میں 53 لاکھ نئے افراد اور کاروبار ایف بی آر میں رجسٹر ہوئے۔
سب سے زیادہ رجسٹریشن پنجاب سے ہے جہاں 82 لاکھ افراد یا ادارے ٹیکس نیٹ کا حصہ بنے۔ سندھ میں 28 لاکھ 76 ہزار، خیبرپختونخوا میں 8 لاکھ 18 ہزار، اسلام آباد میں 4 لاکھ 67 ہزار اور بلوچستان میں 2 لاکھ 21 ہزار رجسٹریشن ہو چکی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اعداد و شمار اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ لوگ ٹیکس نظام کا حصہ بننے لگے ہیں جو ملکی معیشت کے لیے اچھی خبر ہے۔