51

پاکستان کی معیشت میں استحکام، 2025 میں شرح نمو 2.5 فیصد رہنے کی توقع

اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) نے پاکستان کی معیشت کے بارے میں جاری کردہ اپنی تازہ ترین آؤٹ لک رپورٹ میں کہا ہے کہ 2025 میں ملک کی جی ڈی پی شرح نمو 2.5 فیصد تک رہے گی، جو کہ معاشی بحالی کے اشارے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام، اصلاحاتی اقدامات اور مانیٹری پالیسی میں نرمی نے معیشت کو سہارا دیا ہے، جبکہ 2026 میں ترقی کی شرح 3 فیصد تک پہنچنے کی امید ہے۔ رپورٹ کے مطابق نجی سرمایہ کاری میں اضافہ، ٹیکس اصلاحات اور توانائی کے شعبے میں بہتری ترقی میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

مہنگائی کے حوالے سے رپورٹ میں 2025 کے دوران اوسط شرح 6 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ عالمی سطح پر قیمتوں میں استحکام اور طلب میں کمی مہنگائی پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

اے ڈی بی نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں خواتین کی لیبر فورس میں کم شمولیت ترقی کے عمل میں رکاوٹ بن رہی ہے، اور خواتین کو معاشی سرگرمیوں میں شامل کرنا ناگزیر ہے۔ پائیدار ترقی کے لیے اصلاحات کے تسلسل کو برقرار رکھنا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔