158

ملک میں سونا 3 ہزار روپے مہنگا، قیمت 3 لاکھ 21 ہزار تک جا پہنچی

کراچی: سونے کی قیمت میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت 3 ہزار روپے کے اضافے کے بعد 3 لاکھ 21 ہزار روپے ہو گئی ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت میں 2 ہزار 572 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 2 لاکھ 75 ہزار 205 روپے مقرر کی گئی ہے۔

عالمی سطح پر بھی سونے کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونا 30 ڈالر اضافے کے بعد 3 ہزار 40 ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر مہنگائی، سیاسی کشیدگی اور ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ کی وجہ سے سونے کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے۔