لندن: انگلش کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر ہیری بروک کو انگلینڈ کی وائٹ بال کرکٹ ٹیموں (ون ڈے اور ٹی 20) کی قیادت سونپ دی گئی۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے مطابق جوز بٹلر نے چیمپئنز ٹرافی میں ناقص پرفارمنس کے بعد قیادت چھوڑ دی، جس کے بعد بروک کو یہ اہم ذمہ داری دی گئی ہے۔
نئے کپتان ہیری بروک کا کہنا تھا کہ "ملک کی نمائندگی کرنا ہی اعزاز ہے، لیکن ٹیم کی قیادت میرے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ میں اپنے گھر والوں، کوچز اور مداحوں کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔"
ہیری بروک نے اپنے مختصر کیریئر میں عمدہ کارکردگی دکھائی ہے۔ انہوں نے اب تک 26 ون ڈے اور 44 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں شرکت کی، جہاں وہ ایک سنچری اور 9 ففٹیز کی مدد سے 1614 رنز اسکور کر چکے ہیں۔