پاکستان لانگ رینج رائفل ٹیم نے نہ صرف ٹیم مقابلوں میں سبقت حاصل کی بلکہ انفرادی کارکردگی میں بھی شاندار تمغے اپنے نام کیے۔ جنوبی افریقہ ایف کلاس چیمپئن شپ کے دوران پاکستانی نشانہ بازوں نے مجموعی طور پر 11 میڈلز جیتے جن میں 5 گولڈ، 3 سلور اور 3 برونز شامل ہیں۔
انفرادی سطح پر لیفٹیننٹ کرنل جنید علی نے غیر معمولی کارکردگی دکھاتے ہوئے 3 گولڈ، 2 سلور اور 2 برونز جیت کر ٹورنامنٹ کے بہترین نشانہ باز کے طور پر اپنا نام درج کرایا۔
اسکاٹش سوورڈ میچ میں سپاہی ولید نے گولڈ میڈل اپنے نام کیا، جبکہ اسٹیٹ پریذیڈنٹ فرسٹ اسٹیج میں عبید ابراہیم نے سلور اور جنید علی نے برونز حاصل کیا۔ جیک مچلی میچ میں اسد وحید نے گولڈ میڈل جیتا۔ فری اسٹیٹ بزلے میچ اور کرنل بوڈلے میچ میں بھی جنید علی نے گولڈ میڈلز اپنے نام کیے۔
ڈالرمپل کپ اور اسٹیٹ پریذیڈنٹ سیکنڈ اسٹیج میں انہوں نے بالترتیب سلور میڈل حاصل کیے، جبکہ اسٹیٹ پریذیڈنٹ اوورآل ٹرافی میں جنید علی نے گولڈ اور عبید ابراہیم نے برونز میڈل جیتا۔ جنوبی افریقہ چیمپئن شپ ایگریگیٹ اوورآل میں بھی جنید علی نے برونز حاصل کیا۔
یہ شاندار کارکردگی نہ صرف پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ عالمی سطح پر ملک کی نشانہ بازی کی مہارت کو بھی تسلیم کراتی ہے۔