ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کے آغاز سے قبل کراچی کنگز نے اپنی نئی ٹیم کِٹ شائقین کے سامنے پیش کر دی ہے۔ ٹیم انتظامیہ کے مطابق نئی کِٹ کو "دی پیس کلب" نے ڈیزائن کیا ہے، جو اسپورٹس ویئر اور فیشن کی دنیا میں اپنی منفرد تخلیقی سوچ کے لیے جانا جاتا ہے۔
اس مرتبہ کراچی کنگز کی کِٹ میں نیلا رنگ مرکزی حیثیت رکھتا ہے جو ٹیم کے وقار، پختگی اور عزم کی علامت ہے، جب کہ سرخ رنگ کی پٹیاں ٹیم کے جوش، جذبے اور توانائی کو نمایاں کرتی ہیں۔
شرٹ کے ڈیزائن میں سادگی، نفاست اور کلاسیکی انداز کو اپنایا گیا ہے تاکہ نہ صرف یہ لباس دیدہ زیب ہو بلکہ کھلاڑیوں کی کھیل کے دوران کارکردگی کے لیے بھی مکمل طور پر موزوں ہو۔
ڈیزائنرز کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک ایسا لباس تیار کیا ہے جو نہ صرف جمالیاتی اعتبار سے پرکشش ہو بلکہ عملی طور پر آرام دہ اور موثر بھی ہو۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل 10 کا آغاز 11 اپریل 2025 سے ہو رہا ہے اور کراچی کنگز اپنی مہم کا آغاز 12 اپریل کو ملتان سلطانز کے خلاف نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کرے گی۔