179

کراچی کنگز کا زلمی کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

لاہور: پاکستان سپر لیگ تھری کے دوسرے ایلیمینیٹر میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔ لاہور میں کھیلے جارہے تیسرے پلے آف میچ میں کراچی کنگز کی جانب سے کپتانی کے فرائض انجام دینے والے محمد عامر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پشاور کو بنگلا دیشی اوپنر تمیم اقبال کی خدمات میسر نہیں ہوں گی جو گھٹنے کی انجری کے باعث میڈیکل چیک اپ کے لیے بنکاک روانہ ہوگئے ہیں جب کہ ان کی جگہ کرس جورڈن کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم ابھی تک پوری طرح فٹ نہیں ہوئے اور پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں ہوں گے ان کی عدم موجودگی میں پہلے ایون مورگن نے کپتان کے فرائض انجام دیے جب کہ آج محمد عامر کو قیادت سونپی گئی ہے، کراچی کنگز کے اسٹار آل راﺅنڈر شاہد آفریدی بھی انجری کے سبب میچ نہیں کھیل رہے۔

شاہد آفریدی کی جگہ جارح مزاج اوپنر مختار احمد کو موقع دیا جائے گا جب کہ عماد وسیم کی جگہ ذوالقفار بابر اسپن بولنگ کے فرائض انجام دیں گے اور محمد عرفان، مشتاق احمد کھولڑو کی جگہ دانش عزیز کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔

لاہور میں گزشتہ روز کی طرح آج بھی موسم خوش گوار ہے اور بارش نے شہر کو جل تھل کردیا ہے۔بارش کے باعث میچ تاخیر سے شروع ہورہا ہے جبکہ اسے 16، 16 اوورز تک محدود کردیا گیا ہے۔

بارش کے باعث قذافی اسٹیڈیم میں پچ کو کور سے ڈھانپا گیا تھا اور بارش رکنے کے بعد گراؤنڈ کو خشک کرنے کا کام کیا گیا۔لاہور میں 13 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جب کہ شہر کا درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جارہا ہے اور بارش بھی کچھ دیر کے لئے تھم چکی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں ہوائیں چلیں گی جو بادل اڑا لے جائیں گی اور بادل آتے جاتے رہیں گے تاہم بارش بتدریج کم ہوتی جائے گی۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ میچ کےدوران بارش نہیں ہوگی البتہ رات 11 بجے کے بعد ہلکی بارش کا امکان ہے۔

گزشتہ روز میچ میں شکست کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ایونٹ سے باہر ہوگئی اور آج کھیلے جانے والے میچ کی فاتح ٹیم 25 مارچ کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ایونٹ کا فائنل کھیلے گی۔