5

پی ایس ایل کی لومینارا ٹرافی کا پہلی بار پاکستان بھر میں شاندار ٹور

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ملک بھر میں ٹرافی ٹور کا اعلان کر دیا ہے۔ پی سی بی کے مطابق، یہ تاریخی ٹرافی ٹور 11 شہروں میں منعقد ہوگا، جس کا آغاز حیدرآباد اور کراچی سے ہوگا۔ لومینارا ٹرافی 29 مارچ تک پاکستان کے مختلف شہروں میں گھومے گی۔

پی ایس ایل کا دسواں ایڈیشن 11 اپریل سے 18 مئی تک کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں حیدرآباد اور کراچی کے مختلف مقامات پر 15 مارچ تک ٹرافی کی نمائش کی جائے گی۔

ٹرافی کے ٹور کے اگلے مراحل میں لاہور، ملتان، بہاولپور، فیصل آباد، پشاور اور اسلام آباد شامل ہوں گے۔ پی سی بی نے واضح کیا کہ دوسرے مرحلے کی تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے کہا کہ ٹرافی ٹور کا مقصد پاکستان کی ثقافت اور کرکٹ کے جوش و خروش کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شائقین ایچ بی ایل پی ایس ایل کی اصل قوت ہیں۔