وفاقی حکومت نے ایک اہم اقدام کے تحت وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں پاکستان کرپٹو کونسل قائم کر دی ہے۔ اس کونسل کا مقصد مؤثر پالیسی سازی، جدیدیت کے فروغ اور محفوظ مالیاتی نظام کے قیام میں اہم کردار ادا کرنا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب پاکستان کرپٹو کونسل کے سربراہ ہوں گے، جبکہ ان کے چیف ایڈوائزر برائے کرپٹو کونسل بلال بن ثاقب کو کونسل کا سی ای او مقرر کیا گیا ہے۔ بلال بن ثاقب اپنی بلاک چین ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری حکمت عملی اور ڈیجیٹل جدت کے میدان میں مہارت کے ذریعے اس اقدام کی قیادت کریں گے۔
پاکستان کرپٹو کونسل کے بورڈ ممبران میں گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان، چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)، وفاقی سیکریٹری قانون اور وفاقی سیکریٹری شامل ہیں۔
کونسل کا مقصد کرپٹو اپنانے کے لیے واضح ضابطہ جاتی ہدایات مرتب کرنا اور عالمی کرپٹو اور بلاک چین تنظیموں سے رابطے قائم کر کے بہترین عالمی روایات اپنانا ہے۔ اس کے علاوہ، مالیاتی ٹیکنالوجی، اسٹارٹ اپس، سرمایہ کاروں اور بلاک چین ڈیولپرز کے ساتھ مل کر ذمہ دارانہ جدت کو فروغ دینا بھی کونسل کے مقاصد میں شامل ہے۔
وزارت خزانہ نے واضح کیا کہ کونسل صارفین کے تحفظ اور مالیاتی سلامتی کے لیے مضبوط قانونی اور تعمیلی فریم ورک تیار کرے گی۔ پاکستان کرپٹو کونسل کے قیام سے مالیاتی اور تکنیکی ترقی کا نیا باب کھلے گا اور بلاک چین ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل اثاثوں کے فروغ میں نمایاں پیش رفت ہوگی۔