24

قومی ٹیم کی میٹنگز کی کہانی:عماد وسیم کا انکشاف

پاکستان کے سابق آل راؤنڈر عماد وسیم نے اپنے ساتھی کرکٹرز اور ٹیم مینجمنٹ کے جدید دور کی کرکٹ کے بارے میں چونکا دینے والے انکشافات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی وارننگ پر ہنسا گیا تھا۔

عماد وسیم نے گزشتہ سال آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ انہوں نے جدید کرکٹ اور پاکستان میں کھیلی جانے والی کرکٹ کے حوالے سے بات کی۔

آل راؤنڈر نے پاکستان کرکٹ کے موجودہ کھیل پر گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کی تجاویز پر ہنسا گیا، جب انہوں نے نشاندہی کی کہ وہ اب بھی پرانے دور کی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔

عماد وسیم نے خبردار کیا کہ اگر ٹیم نے اپنا نقطہ نظر اور کھیل تبدیل نہیں کیا تو شائقین کی دلچسپی ختم ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ کو ویسے کھیلنا چاہیے جیسے اس کا حق ہے۔ اگر آپ مجھ سے بحیثیت کرکٹر پوچھیں تو میں نے پاکستان ٹیم کا کھیل چیمپئنز ٹرافی میں دیکھا اور مجھے لگا کہ میں یہ نہیں دیکھنا چاہتا، میری دلچسپی ختم ہورہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ، آسٹریلیا یا دوسروں کی کرکٹ دیکھیں، آپ کی نیت حملہ کرنے کی ہونی چاہیے، آپ کی سوچ یہ نہیں ہونی چاہیے کہ بس 250 رنز کرکے فارغ ہوجائیں، ہم دنیا سے بہت پیچھے ہیں۔