12

جان سینا نے ناقابل شکست عالمی ریکارڈ بنا ڈالا

ریسلنگ کے سپر اسٹار جان سینا نے ایک اور عالمی ریکارڈ قائم کردیا جو ریسلنگ کی دنیا میں برسوں یاد رکھا جائے گا۔

جان سینا، جو اگلے سال ریسلنگ کو خیرباد کہنے کا ارادہ رکھتے ہیں، حالیہ ایلیمینیشن چیمبر میچ میں فتح کے بعد ریسل مینیا 41 میں کوڈی روڈز سے ٹکرائیں گے۔

ایلیمینیشن چیمبر کے بعد انہوں نے اچانک کوڈی پر حملہ کرکے خود کو ولن میں تبدیل کیا اور اس کے ساتھ ہی ڈبلیو ڈبلیو ای کی تاریخ میں سب سے طویل عرصے تک فیس (ہیرو) رہنے کے بعد ہیل بننے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

جان سینا 7786 دنوں تک ڈبلیو ڈبلیو ای میں ہیرو رہے اور اس سے پہلے یہ ریکارڈ ہلک ہوگن کے پاس تھا، جو 5420 دنوں تک مثبت کردار ادا کرنے کے بعد ولن بنے تھے۔

یہ جان سینا کا واحد گنیز ریکارڈ نہیں، وہ بیمار بچوں کی خواہشات پوری کرنے کا بھی عالمی ریکارڈ رکھتے ہیں، اب تک 650 سے زائد بچوں کی خواہشات پوری کرچکے ہیں اور اس نیکی میں بھی کوئی ان کا مقابلہ نہیں کر سکا۔

جان سینا نے 2002 سے میک اے وش فاؤنڈیشن کے ساتھ کام شروع کیا اور آج تک ان بچوں کی خواہشات پوری کرنے میں پیش پیش ہیں۔