163

پشاورزلمی کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلیے 158 رنز کا ہدف

لاہور: لائم ڈوسن کی نصف سنچری کی بدولت پاکستان سپر لیگ تھری کے پہلے ایلیمینیٹر میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 158 رنز کا ہدف دے دیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں زلمی کے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز کامران اکمل راحت علی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین آندرے فلیچر تھے جو میر حمزہ کی گیند پر جارحانہ اسٹروک کھیلنا چاہتے تھے تاہم لانگ آن پر تھیسارا پریرا کو کیچ دے بیٹھے۔

اس کے تمیم اقبال اور محمد حفیظ کے درمیان 44 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم حفیظ 25 رنز بناکر محمود اللہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے جبکہ تمیم اقبال جارحانہ شاٹ لگانے کی کوشش میں محمد نواز کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

سعد نسیم اور عمید آصف بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور بالترتیب 9 اور 7 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔پشاور کی ایک اینڈ سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا تاہم دوسرے اینڈ سے لائم ڈوسن کا بلا رنز اگلتا رہا۔انہوں نے 35 گیندوں پر 62 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو مکمل تباہی سے بچالیا۔

پشاور کی پوری ٹیم اننگز کے آخری اوور میں 157 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔کوئٹہ کی جانب سے راحت علی نے چار، تھیسارا پریرا نے دو جبکہ حسن علی، محمد نواز، میر حمزہ اور محمود اللہ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

کوئٹہ کی ٹیم میں کئی غیر ملکی کھلاڑیوں کی جانب پاکستان آنے سے انکار کے بعد متعدد تبدیلیاں کی گئی ہیں۔کوئٹہ کی ٹیم میں تھیسارا پریرا، محمود اللہ، ٹام کوہلر کیڈمور اور اسد شفیق  جبکہ پشاور زلمی میں تمیم اقبال اور آندرے فلیچر کو شامل کیا گیا ہے۔