26

چیمپئنز ٹرافی میں ڈیوڈ ملر کا نیا سنچری ریکارڈ

جنوبی افریقا کے جارح مزاج بیٹر ڈیوڈ ملر نے چیمپئنز ٹرافی میں تاریخ رقم کرتے ہوئے تیز ترین سنچری کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ انہوں نے سابق بھارتی اوپنر وریندر سہواگ کا 23 سال پرانا ریکارڈ توڑا۔

یہ کارنامہ ڈیوڈ ملر نے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں انجام دیا۔ 67 گیندوں پر بنائی گئی یہ سنچری چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ کی سب سے تیز سنچری قرار پائی۔

نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 362 رنز کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔ جنوبی افریقی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 312 رنز بنا سکی اور 50 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ملر نے ناقابل شکست 100 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 10 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ اس سے پہلے 2002 میں وریندر سہواگ نے کولمبو میں انگلینڈ کے خلاف 77 گیندوں پر سنچری بنا کر یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا۔ حالیہ ایونٹ میں آسٹریلیا کے جوش انگلس نے بھی 77 گیندوں پر سنچری بنا کر سہواگ کا ریکارڈ برابر کیا تھا، مگر ملر نے اسے مزید بہتر بنا دیا۔

چیمپئنز ٹرافی کا فائنل 9 مارچ کو دبئی میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔