کراچی: سابق کپتان راشد لطیف نے چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھارت کو سب سے بڑا فیورٹ قرار دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم کا حالیہ تسلسل اور شاندار کارکردگی بتا رہی ہے کہ ٹرافی اس بار بھارت کے نام ہو سکتی ہے۔
پاکستانی ٹیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے راشد لطیف نے کہا کہ ٹیم سلیکشن میں سنجیدگی نظر نہیں آتی اور سلیکٹرز دباؤ کا شکار ہو کر غیر منطقی فیصلے کر رہے ہیں۔
پروگرام میں شریک احمد شہزاد نے بھی ٹیم کے انتخاب کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ عوام اور میڈیا کو ایک بار پھر بے وقوف بنایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق، کئی ایسے کھلاڑی جو پہلے زیر بحث رہے، انہی کو دوبارہ اسکواڈ کا حصہ بنا دیا گیا، جو سلیکشن کمیٹی کے تضاد کو واضح کرتا ہے۔
سابق کرکٹر سکندر بخت نے بھی اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ اسکواڈ حیران کن ہے اور اس طرح کے فیصلے پاکستانی کرکٹ کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ بھارتی ٹیم نے آسٹریلیا کو 14 سال بعد کسی آئی سی سی ناک آؤٹ میچ میں شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی ہے، جس کے بعد انہیں چیمپئنز ٹرافی کا مضبوط ترین امیدوار سمجھا جا رہا ہے۔