بھارتی اسپورٹس جرنلسٹ وکرانت گپتا نے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کی کوریج کے دوران ملنے والی محبت کو ناقابلِ فراموش قرار دیا ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ کھیل کسی بھی سرحد سے آزاد ہوتے ہیں اور لوگوں کو قریب لانے کا بہترین ذریعہ ہیں۔
وکرانت گپتا نے کہا کہ وہ پر امید ہیں کہ مستقبل میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلوں کے تعلقات مزید بہتر ہوں گے اور اس طرح کے دورے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان فاصلے کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
پاکستان میں بھارتی کرکٹرز کی مقبولیت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں سب سے زیادہ حیرت اس بات پر ہوئی کہ پاکستانی عوام خاص طور پر ویرات کوہلی کے بڑے مداح ہیں۔ انہوں نے لاہور کی گلیوں اور میدانوں میں بے شمار نوجوانوں کو کوہلی کی 18 نمبر جرسی پہنے دیکھا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ کرکٹ ہر قسم کی سرحدوں اور سیاسی اختلافات سے بالاتر ہے۔
بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے پر اظہار خیال کرتے ہوئے وکرانت گپتا نے کہا کہ اگر عوام اور صحافی ایک دوسرے کے ملک جا سکتے ہیں تو کھلاڑیوں کو بھی موقع ملنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک میں کرکٹ کو ایک دوسرے کو جوڑنے کا ذریعہ بنایا جانا چاہیے نہ کہ دوریاں پیدا کرنے کا۔