چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف 264 رنز بنائے، یوں جیت کے لیے بھارت کو 265 رنز درکار ہیں۔ دبئی میں ہونے والے اس اہم میچ میں آسٹریلوی ٹیم 50 اوورز مکمل ہونے سے قبل ہی آؤٹ ہوگئی۔
کینگروز کا آغاز کمزور رہا، جب اوپنر کوپر کونولی صفر پر وکٹ گنوا بیٹھے۔ 54 کے مجموعے پر جارحانہ کھیلنے والے ٹریوس ہیڈ بھی 39 رنز بنا کر چلتے بنے۔ مارنس لیبوشگن 29 اور جوش انگلس 11 رنز کے ساتھ زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔
اسٹیو اسمتھ نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 73 رنز کی اننگز کھیلی، لیکن دوسرے بلے باز ان کا زیادہ ساتھ نہ دے سکے۔ بھارت کی طرف سے محمد شامی اور روندرا جڈیجا نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ اکشر پٹیل اور ورون چکرورتھی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹاس کے وقت، آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ بڑا اسکور بنا کر بھارتی ٹیم کو دباؤ میں لائیں گے، جبکہ روہت شرما نے اسپنرز کے ذریعے آسٹریلیا کو قابو کرنے کا عزم ظاہر کیا۔