22

پاکستان میں آئی ایم ایف وفد کی آمد، قرض معاہدے پر عملدرآمد کا معائنہ جاری

اسلام آباد: آئی ایم ایف کا وفد قرض پروگرام کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان پہنچ گیا، جہاں اس کی پہلی ملاقات سیکرٹری خزانہ کی سربراہی میں پاکستانی وفد سے ہوئی۔

ذرائع کے مطابق یہ مذاکرات دو ہفتوں تک جاری رہیں گے، جن میں آئی ایم ایف وفد کی قیادت ناتھن پورٹر کریں گے جبکہ پاکستان کی طرف سے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ٹیم کی سربراہی کریں گے۔

اس دوران وزارت خزانہ، ایف بی آر، پاور ڈویژن اور اسٹیٹ بینک کے نمائندے بھی مختلف امور پر بریفنگ دیں گے۔

پاکستان آئی ایم ایف کو قرض معاہدے کی شرائط پر عملدرآمد سے متعلق رپورٹ پیش کرے گا، جس میں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے معاشی اعداد و شمار شامل ہوں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ زرعی آمدن، پراپرٹی سیکٹر اور ریٹیلرز پر ٹیکس لگانے سے متعلق تفصیلات بھی پیش کی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات مکمل ہونے کے بعد آئی ایم ایف وفد پاکستان کو 1.1 ارب ڈالر جاری کرنے کے لیے اپنی سفارشات پیش کرے گا۔