159

لاہورمیں پی ایس ایل کامیلہ سج گیا،زلمی اورگلیڈی ایٹرزآج مدمقابل ہوں گی

لاہور: پی ایس ایل 3 کے دوسرے پلے آف میچ میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آج قذافی اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔

پاکستان سپر لیگ تھری کے فائنل مرحلے کی جنگ آج لاہور میں ہوگی، گزشتہ ایڈیشن کے فائنل کی دونوں  ٹیمیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں مد مقابل ہوں گی۔ دبئی اور شارجہ میں دونوں ٹیموں نے 5،5 میچ جیتے تاہم آج کا میچ ہارنے والی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوجائے گی جب کہ جیتنے والی ٹیم کل کراچی کنگز سے مد مقابل ہوگی۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔

قذافی اسٹیڈیم میں شائقین کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، پنجاب یونیورسٹی اور جام شیریں پارک کو شائقین کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے مختص کردیا گیا ہے۔ ایل ڈی اے پارکنگ پلازہ اور لبرٹی مارکیٹ پارکنگ کے لیے مختص کی گئی ہے، شناختی کارڈ اور ٹکٹ کے بغیر پارکنگ میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، پارکنگ پوائنٹس سے شائقین کو شٹل سروس کے ذریعے اسٹیڈیم پہنچایا جارہا ہے۔

گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ٹیم جیت کی صلاحیت رکھتی ہے، کیون پیٹرسن اور شین واٹسن کا متبادل نہیں لیکن آنے والے بھی مایوس نہیں کریں گے  جب کہ میچ میں اچھا پرفارم کرنے کی  کوشش کریں گے۔

پشاور زلمی کے لیے گزشتہ برس قذافی اسٹیڈیم لکی رہا تھا ڈیرن سیمی نے فائنل بھی جیتا اور دل بھی، زلمی کے کھلاڑی محمد حفیظ کا  کہنا ہے کہ دفاعی چیمپئن ہونے کے ناطے ان کی ٹیم پر پریشر ہوگا۔