لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ بابر اعظم مطمئن ہیں اور وہی پاکستانی ٹیم کی طرف سے اوپننگ کریں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے اچھے نتائج دیئے ہیں۔ اور ہم کوشش کر رہے ہیں کہ کمزوریوں پر قابو پائیں۔ پاکستانی کھلاڑیوں میں صلاحیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حارث رؤف مکمل فٹ ہیں۔ اور چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنا ہمارے لیے فخر کی بات ہے۔ ہماری ٹیم میں سارے کھلاڑی کپتان ہیں۔ اور میدان میں تمام کھلاڑی برابر ہیں۔
محمد رضوان نے کہا کہ سینئر کھلاڑیوں کو ذمہ داری لے کر کھیلنا چاہیے۔ کیونکہ ان پر ذمہ داری بھی زیادہ بنتی ہے۔ ٹیم کی کنڈیشن کے حوالے سے دیکھ کر پلیئرز کے نمبر کو رکھتے ہیں۔
بابر اعظم کی اوپننگ سے متعلق انہوں نے کہا کہ بابر اعظم مطمئن ہیں اور وہ ہی پاکستانی ٹیم کی طرف سے اوپننگ کریں گے۔ تاہم ہمیں ٹیم کے لیے اوپنرز لانے ہیں۔ اور کوئی ایسی بات نہیں ہوئی کہ بابر اعظم اوپننگ نہیں کریں گے۔
کپتان محمد رضوان نے کہا کہ 29 سال بعد عالمی ایونٹ آیا ہے قوم کو انجوائے کرنا چاہیے۔ چیمپئنز ٹرافی کی تیاری بھی شاندار انداز میں کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سیکھنے کے عمل سے بھی گزر رہے ہیں۔ اور سہ فریقی ٹورنامنٹ کے فائنل میں جو غلطیاں ہوئیں ان سے سیکھنے کی کوشش کی ہے۔ ہمیں اچھا کھیلنا پڑے گا اور دو روز سے سخت محنت بھی کر رہے ہیں۔ امید کرتے ہیں کل وہ غلطیاں نہ ہوں۔
محمد رضوان نے کہا کہ حسن علی نے کہا تھا کہ کنگ کر لے گا۔ اور اس پر بات ہوئی تو میں نے بھی کہہ دیا تھا کہ کنگ کر لے گا۔ ہمارے ہاتھ میں ہارڈ ورک ہے اور ہم پوری کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی سے باہر کے بالرز بھی چیزیں پوچھتے ہیں۔ اور کچھ زیادہ چیزیں مختلف کرنے کی کوشش نہیں کی۔ بابر اعظم جب کپتان تھے ہم سیمی فائنل اور فائنل بھی کھیلے ہیں۔