206

پی ایس ایل کوالیفائنگ میچ میں آج اسلام آباد کا مقابلہ کراچی کنگز سے ہوگا

دبئی: پاکستان سپر لیگ کا پلے آف مرحلہ آ گیا اور پہلا کوالیفائنگ میچ آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں آج پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی اور جو ٹیم کامیاب ہوگی وہ فائنل کے لئے کراچی کی اڑان بھرے گی۔

آج کے میچ میں ہارنے والی ٹیم کو ایونٹ میں رہنے کے لئے ایک اور موقع ملے گا جو دوسرے کوالیفائینگ میچ کی فاتح ٹیم سے کھیلے گی۔ 

یاد رہے کہ دوسرا کوالیفائنگ میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان 20 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا اور کامیاب ہونے والی ٹیم پہلے کوالیفائنگ کی ناکام ٹیم سے 21 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوگی۔

2 پلے آف میچز کی میزبانی کرنے والے قذافی اسٹیڈیم کے باہر  سڑکوں پر کھلاڑیوں کی تصاویر اور خیر مقدمی بینر آویزاں کردیے گئے ہیں جب کہ اسٹیڈیم اور اطراف کا علاقہ آج سے 21 مارچ تک کاروباری سرگرمیوں کیلئے بند کردیا گیا ہے۔

ایونٹ کا فائنل 25 مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا جس کے لئے تیاریاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔

پلے آف مرحلے میں پہنچنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے مقامی کھلاڑی لاہور پہنچ گئے جب کہ کوئٹہ کے غیر ملکی کھلاڑی کل سے لاہور پہنچنا شروع ہوجائیں گے۔

پاکستان جانے والے غیرملکی کھلاڑی

پاکستان جانے والے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کرکٹرز میں جنوبی افریقہ کے جے پی ڈومینی، انگلینڈ کے سمت پٹیل، نیوزی لینڈ کے لیوک رونکی اور ویسٹ انڈیز کے سیموئل بدری شامل ہیں تاہم انگلینڈ کے الیکس ہیلز، اسٹیون فن اور سیم بلنگز  کی پاکستان میں کھیلنے سے متعلق شرکت مشکوک ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز غیر ملکی کرکٹرز کے پاکستان نہ جانے سے سب سے زیادہ متاثر ہوگی کیوں کہ اس کی ٹیم کے بڑے نام کیون پیٹرسن اور رائلے روسو پاکستان نہ جانے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔

کراچی کنگز کی قیادت کرنے والے انگلینڈ کے کپتان این مورگن نے بھی پاکستان نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ٹائمل ملز، روی بوپارا، کالن انگرم، جوئے ڈینلی اور لینڈل سمنز پاکستان جانے والوں میں شامل ہیں۔

پشاور زلمی کے تمام ہی غیرملکی کھلاڑی پاکستان میں کھیلتے دکھائی دیں گے جن میں کپتان ڈیرسن سیمی، لائم ڈاسن، کرس جارڈن اور ڈیوائن اسمتھ شامل ہیں۔