کوالالمپور: ویمنز انڈر 19 ٹی 20 ایشیا کپ کے ایک میچ میں بھارت نے پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔ یہ میچ بائیو ماس کرکٹ اوول گراؤنڈ میں کھیلا گیا، جہاں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی ٹیم نے بھارت کو جیت کے لیے صرف 68 رنز کا ہدف دیا، جسے بھارتی ٹیم نے 9 وکٹوں سے آسانی سے عبور کر لیا۔ پاکستان کی ٹیم بھارت کے خلاف بڑا سکور بنانے میں ناکام رہی، اور اس کی پہلی وکٹ 12 رنز کے مجموعی اسکور پر گر گئی۔
پاکستان کی کپتان ضوفشاں نے ٹاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم جیت کے لیے پرعزم ہے اور انہوں نے بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترنے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں نے سخت محنت کی ہے اور ان کی ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پرامید ہے۔
ویمنز انڈر 19 ٹی 20 ایشیا کپ 15 دسمبر سے 22 دسمبر تک ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں جاری ہے، جہاں پاکستان، بھارت اور نیپال گروپ اے میں شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور ملائیشیا کی ٹیمیں ہیں۔ پاکستان اپنی اگلی میچ 16 دسمبر کو نیپال کے خلاف کھیلے گا۔