9

جونیئر اور سینیئر ٹیم کے انتخاب کیلیے ہاکی کی نئی سلیکشن کمیٹی قائم

لاہور:

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے نئی سلیکشن کمیٹی بنا دی جو جونیئر اور سینیئر ٹیم کو منتخب کرے گی، نئی سلیکشن کمیٹی میں دانس کلیم، کاشف جواد اور اولمپیئن ایم خالد شامل ہیں۔

پہلے مرحلے میں سلیکشن کمیٹی جونیئر ایشیا کپ کے لیے ٹیم منتخب کرے گی۔

سیکریٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد نے پریس کانفرنس میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی ایچ کی 100 ویں کانگریس ہوئی ہے، جس میں پی ایچ ایف کے صدر اور سیکریٹری نے شرکت کی۔

رانا مجاید نے طیب اکرام کو انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کا بلامقابلہ صدر منتخب ہونے کو ایک اعزاز قرار دیا۔ طیب اکرام نے ہمیشہ ورلڈ ہاکی کے لیے بہت کام کیا ہے، یقین ہے کہ ان کی موجودگی میں پاکستان ہاکی کو بھی بہت فائدہ ہوگا۔

سیکریٹری پی ایچ ایف نے بتایا کہ سفیان خان نے رائزنگ اسٹار کا اعزاز جیتا جو ہمارے لیے باعث فخر ہے، پاکستان میں دنیا کی ہر ٹیم کھیلنے کو تیار ہے۔ بھارتی ٹیم کو بھی خوش آمدید کہیں گے اگر وہ کھیلنے کو آتے ہیں۔ پی ایچ ایف ہر طرح کے ایونٹ کی میزبانی کے لیے تیار ہے، آنے والے وقتوں میں پاکستان میں انٹرنیشنل ہاکی دیکھنے کو ملے گی۔

سیکریٹری پی ایچ ایف کے مطابق میری درخواست ہے بھارتی کرکٹ ٹیم یہاں آ کر چیمپیئنز ٹرافی کھیلے اور اس معاملے پر حکومت نے جو موقف اپنایا ہے وہ بہترین ہے، یورپین ٹیمیں سمیت تمام ٹیمیں پاکستان آ کر کھیلنا چاہتی ہیں۔

رانا مجاہد کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے پاس پیسے ہوں تو سب سے پہلے کھلاڑیوں کو پیسے دیں، ابھی ہماری کوشش ہے کہ کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ ٹورنامنٹ میں حصہ دلوایا جائے۔