غزہ: اسرائیلی فوج نے منگل کی صبح بیت الہیہ شہر میں بمباری کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہید ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے منگل کی صبح ایک بار پھر بیت الہیہ شہر میں قائم رہائشی عمارتوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں اب تک 77 فلسطینیوں کی شہادت کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والوں میں خواتین اور 17 کم عمر بچے بھی شامل ہیں جب کہ متعدد افراد عمارت کے ملبے تلے دبے ہیں جنہیں ریسکیو حکام کی جانب سے نکالنے کی کوشش جاری ہے۔
عرب میڈیا کا بتانا ہےکہ عمارت میں 100 سے زائد افراد موجود تھے جن میں کچھ مقامی لوگ تھے جب کہ کچھ لوگوں نے جبالیہ کیمپ سے جبری بے دخلی کے بعد گزشتہ روز ہی عمارت میں پناہ حاصل کی تھی۔
دوسری جانب لبنان میں بھی اسرائیلی حملے جاری ہیں اور گزشتہ رات اسرائیلی فوج نے وادی بیقہ میں فضائی حملے کیے جس کے نتیجے میں 60 افراد شہید اور 58 زخمی ہوگئے۔