16

دیوالی کے تہوار سے قبل بھارتی دارالحکومت میں آتش بازی پر پابندی عائد

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے آتشبازی پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔ 

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق دہلی پلوشن کنٹرول کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ آتش بازی کے سامان کی تیاری، اسے ذخیرہ کرنے ، فروخت کرنے اور استعمال کرنے پر مکمل پابندی ہوگی اور یہ کہ اس حکم کا مقصد  آلودگی کی سطح کو کم کرنا ہے۔

یہ پابندی ایسے وقت میں عائد کی گئی ہے جب دو ہفتے بعد یکم نومبر کو دیوالی کا تہوار منایا جانا ہے اور  آتشبازی اس تہوار کا اہم حصہ سمجھی جاتی ہے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق گزشتہ برسوں میں آتشبازی پر مختلف پابندیاں لگائی جاتی رہی ہیں لیکن ان پر عملدرآمد نہ ہونے کے برابر رہا اور  پولیس اکثر مذہبی جذبات کا خیال کرتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے سے گریز کرتی ہے۔

2020 کی ایک  رپورٹ کے مطابق 2019 میں نئی دہلی میں فضائی آلودگی کی وجہ سے تقریباً ساڑھے 17 ہزار  افراد ہلاک ہوئے تھے۔