13

لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں میں 21 بچوں سمیت 274 افراد شہید

بیروت: لبنان میں ہونے والے اسرائیلی فضائی حملوں میں شہدا کی تعداد 274 تک پہنچ گئی۔

عرب میڈیا کے مطابق لبنانی وزیر صحت فراس الابیض نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ لبنانی علاقوں پراسرائیل کےفضائی حملوں میں 274 افراد شہید ہوئے جن میں 21 بچے  اور 39 خواتین بھی شامل ہیں۔

لبنان کے وزیر صحت نے کہا کہ اسرائیلی فضائی حملوں میں 1024 افراد زخمی بھی ہوئے۔

وزیر صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں 2 امدادی کارکن جاں بحق اور 16 زخمی ہوئے جبکہ اسرائیلی فورسز نے 2 ایمبولینسوں کو بھی تباہ کردیا۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو نے لبنان پر حملوں کے حوالے سے کہا ہے کہ  وعدہ کیا تھا کہ شمال میں طاقت کا توازن بدل دیں گے اور ہم ایسا ہی کررہےہیں۔

نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیلی شہروں پر حملوں کے لیےلبنان میں رکھے ہزاروں میزائلوں اور راکٹوں کو تباہ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں مشکلات کا سامناہوگا، اسرائیلی متحد رہیں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز حزب اللہ کی جانب سے ساحلی شہر حیفا پر ہونے والے حملے کے بعد اسرائیلی طیاروں نے آج لبنان کے مختلف علاقوں پر شدید بمباری کی۔

غیر ملکی میڈیا کےمطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے صرف آدھے گھنٹے میں لبنان کے شہر نبطیہ پر 80 فضائی حملے کیے جس میں حزب اللہ کے اہداف پر حملوں کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیل کی جانب سے آج ہونے والا حملہ غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد اب تک کا سب سے بڑا فضائی حملہ تھا جس میں اسرائیل نے لبنان کے شمالی اور جنوبی حصے پر ایک وقت میں حملہ کیا۔

ترجمان اسرائیلی فوج نے لبنانی عوام کو حزب اللہ کی پوسٹوں سے دور رہنےکا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ’خطرات ختم کرنے‘ تک حملے جاری رہیں گے۔