7

ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر اضافہ

ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.01 فیصد کا معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے جاری ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 12 ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتہ میں صارفین کیلئے قیمتوں کا عمومی اشاریہ 319.28 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا جو پیوستہ ہفتہ کے مقابلہ میں 0.01 فیصد اور گزشتہ سال کے مقابلہ میں 14.36 فیصد زیادہ ہے۔

پیوستہ ہفتہ میں صارفین کیلئے قیمتوں کا حساس اشاریہ 319.24 اور گزشتہ سال 279.18 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا۔

ہفتہ رفتہ میں روزمرہ استعمال کی 14 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 22 کی قیمتوں میں استحکام رہا،اس کے برعکس 15 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

گزشتہ ہفتہ کے دوران کیلے کی قیمت میں 6.04 فیصد، دال ماش 1.33 فیصد، گندم 0.97 فیصد، ایل پی جی 0.96 فیصد، انڈے 0.91 فیصد، آلو 0.80 فیصد، دال مسور 0.59 فیصد، دال مونگ 0.58 فیصد، پیاز 0.44 فیصد اور واشنگ سوپ کی قیمت میں 0.22 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

ٹماٹر کی قیمت میں 6.62 فیصد، سب سے کم آمدنی والے گروپ کیلئے بجلی کی قیمتوں میں 4.13 فیصد، چکن 3.77 فیصد، دال چنا 2.43 فیصد، لہسن 2.24 فیصد، بیف 1.13 فیصد، مٹن 0.71 فیصد، تازہ دودھ 0.11 فیصد، دہی 0.10 فیصد، جارجٹ 0.06 فیصد اور شرٹنگ کی قیمت میں 0.04 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔