پنڈی ٹیسٹ میں پاکستانی فاسٹ بولرز کی اوسط رفتار بنگلادیشی فاسٹ بولرز سے کم رہی، ٹیم منیجمنٹ نے قومی بولرز کی گرتی پیس پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
بنگلادیش کے خلاف پنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کے شاہین آفریدی، نسیم شاہ، خرم شہزاد اور محمد علی کی گیند کروانے کی اوسط رفتار 135 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی۔
پاکستان کی جانب سے میچ میں تیز ترین گیند نسیم شاہ نے 144 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے کرائی جبکہ بنگلادیشی فاسٹ بولر ناہید رانا کی گیند 150 کلو میٹر فی گھنٹہ کے قریب رہی۔
ماضی میں شاہین آفریدی اور نسیم شاہ 150 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیندیں کروا چکے ہیں۔
پاکستان کے سابق کپتان راشد لطیف اور سلمان بٹ نے بھی پنڈی ٹیسٹ میں پاکستانی فاسٹ بولرز کی گرتی پیس پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کی منیجمنٹ بھی بولرز کی پرفارمنس سے ناخوش ہے اور فاسٹ بولرز کی گرتی پیس پر تشویش کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ بنگلادیش نے پاکستان کو پنڈی ٹیسٹ میں 10 وکٹوں سے شکست دی تھی،سیریز کا دوسرا میچ 30 اگست سے شروع ہوگا۔