10

پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں جولائی کے دوران 60فیصد اضافہ ریکارڈ

جولائی میں پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 60فیصد کااضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاکستان بیورو برائے شماریات اور انڈسٹری کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی میں پٹرولیم مصنوعات کی مجموعی درآمدات کاحجم 1.266 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ سال جولائی کے مقابلے میں 60 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال جولائی میں پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات پر 791 ملین ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا تھا۔

جون کے مقابلے میں جولائی میں پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 19 فیصد کی کمی ہوئی۔ جون میں 1.571 ارب ڈالر مالیت کی مصنوعات درآمد کی گئیں جو جولائی میں کم ہو کر 1.266 ارب ڈالر ہو گئی۔

اعدادوشمار کے مطابق جولائی میں خام تیل کی درآمدات پر 361 ملین ڈالر ، ایل این جی 322 ملین ڈالراور ایل پی جی کی درآمدات پر 74 ملین ڈالرکا زرمبادلہ خرچ ہوا۔

گزشتہ سال جولائی میں خام تیل کی درآمدات پر 50 ملین ڈالر، ایل این جی 340 ملین ڈالر اور ایل پی جی کی درآمدات پر 45 ملین ڈالر کازرمبادلہ خرچ ہوا۔

اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے مہینے میں خام تیل کی درآمدات کاحجم 588000 ٹن ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ سال جولائی میں 75000 ٹن تھا۔

اسی طرح دیگر پٹرولیم مصنوعات کا حجم 826000 ٹن ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ سال جولائی میں 603000 ٹن تھا۔