20

عمان میں غیر ملکیوں پر بڑی پابندی عائد

مسقط: سلطنت عمان کی وزارت محنت کی جانب سے 13 مخصوص پیشوں میں غیر ملکیوں کے لیے ورک پرمٹ جاری کرنے پر چھ ماہ کی پابندی نافذ کر دی گئی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد عمانی شہریوں کے لیے روزگار کے مواقعوں کو فروغ دینا ہے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق لیبر قانون کی بنیاد پر، اور وزارتی فیصلہ نمبر (180/2022) کے تحت جاری کردہ تجارتی اجازت ناموں کے لیے وزارت محنت کی طرف سے فراہم کردہ سروس گائیڈ لائنز کی بنیاد پریہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

آرٹیکل 1:

منسلک ضمیمہ میں درج پیشوں کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کے اداروں میں غیر ملکی کارکنوں کی عارضی ملازمت کے لیے تجارتی اجازت نامے کا اجراء چھ ماہ کی مدت کے لیے معطل ہے۔

آرٹیکل 2:

آرٹیکل 1 کی دفعات کے باوجود، ضمیمہ میں درج پیشوں میں غیر ملکی کارکنوں کی ملازمت کے لیے اجازت نامے جاری کیے جا سکتے ہیں، بشرطیکہ خدمات کی تجدید یا منتقلی کی درخواست سلطنت عمان کے اندر سے پیش کی گئی ہو۔

آرٹیکل 3:

یہ فیصلہ یکم ستمبر 2024 سے نافذ العمل ہوگا، اور متعلقہ حکام اس کی دفعات کو نافذ کرنے کے ذمہ دار ہیں۔

یہ فیصلہ بنیادی طور پر تعمیرات، خدمات اور تجارتی شعبوں میں اپنے کردار کا احاطہ کرتا ہے، بشمول:

تعمیراتی کارکن (مستری، مزدور)، صفائی کرنے والے، لوڈرز، برکلیئرز، اسٹیل فکسرز، درزی (خواتین کا لباس)، درزی (مردوں کا لباس/جنرل)، الیکٹریشنز/ جنرل الیکٹریکل انسٹالیشنز، ویٹرس، پینٹرز، باورچی، الیکٹریشن اور حجام۔