15

آئندہ مالی سال معاشی ترقی میں اضافہ، مہنگائی میں کمی متوقع

 اسلام آباد: وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ آئندہ سال مہنگائی 12 فیصد سے کم ہو کر 7.5 فیصد پر آجائے گی جبکہ معاشی ترقی میں اضافہ ہوگا۔

وزارت خزانہ کی میڈیم ٹرم میکرو اکنامک فریم ورک رپورٹ کے مطابق مالی سال 2025-26 میں جی ڈی پی گروتھ 4.8 فیصد ہونے کا امکان ہے۔

ایف بی آر کا ٹیکس ریونیو بڑھ کر 15 ہزار 555 ارب تک جانے کا تخمینہ ہے اور نان ٹیکس ریونیو کی مد میں 3 ہزار 851 ارب روپے جمع ہونے کا امکان ہے۔ پیٹرولیم لیوی کی مد میں صارفین سے 1 ہزار 388 ارب روپے وصول کرنے کا منصوبہ ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق مالی خسارہ 9 ہزار 655 ارب تک جانے کا تخمینہ ہے۔ مالی سال 2025-26 میں قرضوں پر سود کا بل 10 ہزار ارب روپے سے تجاوز کرنے کا خدشہ  ہے جبکہ قرضوں پر سود کی مد میں مجموعی طور پر 10 ہزار 283 ارب خرچ ہوں گے۔

آئندہ مالی سال برآمدات 37.95 ارب ڈالر اور ترسیلات زر 31.70 ارب ڈالر رہنے کی توقع ہے۔ پنشن بل بڑھ کر 1166 ارب روپے اور سول امور کے اخراجات 881 ارب روپے ہو جائیں گے۔

اگلے مالی سال دفاع پر 2337 ارب اور ترقیاتی منصوبوں پر 1480 ارب خرچ ہوں گے۔