12

شاہین آفریدی مانچسٹر یونائیٹڈ کی آفیشل کٹ لانچ کرنیوالے پہلے مسلم اور پاکستانی بن گئے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے معروف برطانوی فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کی نئی کٹ لانچ کر دی۔

شاہین شاہ آفریدی نےاولڈ ٹریفورڈ میں انگلش پریمیئر لیگ کے فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے ہوم گراؤنڈ  کا دورہ کیا۔

شاہین شاہ آفریدی کو اولڈ ٹریفورڈ انتظامیہ نے آفیشل کٹ لانچ کرنے کے لیے مدعو کیا تھا۔

مانچسٹر یونائیٹڈ نے انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں شاہین آفریدی کے اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم  کے دورے کی تصاویرجاری کیں  اور ساتھ لکھا کہ ' شاہین زمین پر اتر چکا ہے'۔

تصاویر میں شاہین کو تاریخی اسٹیڈیم میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی آفیشل کٹ کی رونمائی کرتے ہوئے دیکھا گیا۔اس موقع پر قومی فاسٹ بولر نے نئی کٹ زیب تن بھی کی۔

واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی مانچسٹر یونائیٹڈ فٹبال کلب کی آفیشل کٹ لانچ کرنے والے پہلے مسلم اور پاکستانی ہیں۔

رواں سال کے شروع میں شاہین کی دبئی میں مانچسٹر یونائیٹڈ کے مالک سے ملاقات ہوئی تھی جس میں انہوں نے فاسٹ بولرکو اولڈ ٹریفورڈ کا دورہ کرنے کی دعوت دی تھی اور انہیں کلب کی جرسی بھی پیش کی تھی۔