30

بنگلادیش میں پرتشدد مظاہرے کے بعد وزیراعظم شیخ حسینہ استعفیٰ دیکر بھارت فرار ہوگئیں

ڈھاکا: ملک میں ایک ماہ سے جاری پرتشدد مظاہروں اور ان میں سیکڑوں ہلاکتوں کے بعد بنگلادیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد استعفیٰ دے کر ملک  سے فرار ہوگئیں۔

بھارت میں موجود بنگلادیشی ہائی کمیشن نے وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے مستعفی ہونے کی تصدیق کی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شیخ حسینہ واجد بھارتی شہر اگرتلہ پہنچی ہیں اور بھارت انہیں محفوظ راستہ فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ شیخ حسینہ اگرتلہ سے بھارتی دارالحکومت دلی کی جانب روانہ ہوئی ہیں جہاں ان کی بھارت کے اہم حکومتی رہنماؤں سے ملاقات متوقع ہے۔

بنگلادیشی فوج نے وزیراعظم حسینہ واجد کو مستعفی ہونے کے لیے 45 منٹ کی ڈیڈ لائن دی تھی

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق بنگلادیشی فوج نے وزیراعظم حسینہ واجد کو مستعفی ہونے کے لیے 45 منٹ کی ڈیڈ لائن دی تھی۔ 

خبر ایجنسی کے مطابق اس وقت بنگلادیشی آرمی چیف سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کر رہے ہیں،  آرمی چیف جنرل وقار الزمان کی بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) سمیت بڑی سیاسی جماعتوں سے بات چیت جاری ہے۔ 

گزشتہ روز فوجی اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے بنگلادیش کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل وقار الزماں نے کہا تھا کہ فوج ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور اب بھی کھڑی رہے گی۔

حسینہ واجد بھارت سے لندن جائیں گی: بھارتی میڈیا

خبر ایجنسی کے مطابق شیخ حسینہ واجد نے محفوظ مقام پر منتقلی سے قبل تقریر ریکارڈکرانے کی کوشش کی مگر انہیں تقریر ریکارڈ کرانے کا موقع نہیں دیا گیا۔ 

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بنگلا دیشی فوج کے قریبی ذرائع کا بتانا ہےکہ شیخ حسینہ لندن روانہ ہوں گی۔

شیخ حسینہ واجد کے استعفے کی خبر سنتے ہیں دارالحکومت ڈھاکا میں بڑی تعداد میں طلبہ نے جشن منایا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلادیش میں اس وقت 4 لاکھ افراد سڑکوں پر موجود ہیں۔

مظاہرین شیخ حسینہ کی سرکاری رہائش گاہ میں گھس گئے

غیر ملکی میڈیا کا بتانا ہےکہ دارالحکومت ڈھاکا کی طرف مارچ کرنے والے مظاہرین شیخ حسینہ واجد کی سرکاری رہائش گاہ میں گھس اور توڑ پھوڑ بھی کی جب کہ مظاہرین سامان بھی اٹھاکر لے گئے۔