10

پیرس اولمپکس؛ پاکستان کی تینوں کھلاڑی ایونٹ سے باہر ہوگئیں

کراچی: پیرس اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی تینوں  کھلاڑی ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔ 

 

خاتون شوٹر کشمالہ طلعت خواتین کے 25 میٹرز ویمن ایئرپسٹل ایونٹ  کے کوالیفیشن راؤنڈ تک ہی محدود رہیں، 22 سالہ  کشمالہ طلعت ریلے ٹو میں شامل تھیں جبکہ ابتدائی راؤنڈ میں 40 شوٹرز شریک  تھیں، کشمالہ فائنل میں جگہ بنانے والی 8 شوٹرز میں شامل نہ ہو سکیں۔قبل ازیں کشمالہ طلعت 10 میٹر ایئر پسٹل ویمنز اور مکسڈ ٹیم ایونٹ کے کوالیفیکشن راؤنڈ میں ناکامی کا شکار ہوگئیں تھیں۔

دوسری  پاکستانی خاتون قومی ویمن چیمپئین 25 سالہ  فائقہ ریاض 9 ایتھلیٹس کے درمیان 100 میٹرز کی ویمن دوڑ  کے ہیٹ مقابلے میں چھٹے نمبر پر رہنے کے بعد  گیمز سے  باہر ہوگئی تھیں۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

تیسری پاکستانی خاتون  پیراک جہاں آرا 200 میٹرز  فری اسٹال میں بری طرح ناکام رہی تھیں۔  قومی پیراک محمد احمد درانی اور اولمپئین شوٹر گلفام جوزف پہلے  ہی گیمز سے باہر ہوگئے تھے۔

اس طرح 7  کھلاڑیوں میں سے اب صرف شوٹر اولمپئین جی ایم بشیر اور جیولین تھرو میں ارشد ندیم  ہی پاکستان کی امیدوں کا مرکز ہیں،  جی ایم بشیر 4 اگست کو 25 میٹر ریپیڈ فائرپسٹ ایونٹ میں قسمت آزمائی کریں گے جبکہ ارشد ندیم 6 اگست کو کوالیفیشن راؤنڈ میں جیولین تھامیں گے، اس راؤنڈ میں  کامیابی کی صورت میں وہ 8 اگست کوفائنل راؤنڈ میں شرکت کے اہل ہوں گے۔