15

وزارت خزانہ کا مہنگائی کی شرح جلد 10فیصد سے بھی نیچے آنے کا دعوی

وزارت خزانہ محمد اورنگزیب نے دعوی کیا ہے کہ بہت جلد ملک میں مہنگائی کی شرح 10 فیصد سے بھی نیچے آ جائیگی۔

وزارت خزانہ نے ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آؤٹ لک رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق ملکی معیشت سال 2024 میں استحکام کی طرف گامزن ہے جبکہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ہونے پر صورتحال مزید بہتر ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق مئی میں مہنگائی 11.8 فیصد، جون 2024 میں 12.6 فیصد رہی، جولائی میں مہنگائی 12 سے 13 جبکہ اگست میں 11 سے 12 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ، مہنگائی میں کمی اور ایکس چینج ریٹ مستحکم ہے جبکہ زرعی شعبے کی کارکردگی اچھی رہی، صنعتی شعبے کی بحالی جاری ہے۔

برآمدات اور ترسیلات زر میں اضافہ ہوا، 11 ماہ میں مالی خسارہ 4.9 فیصد رہا۔جولائی میں برآمدات 2.4 سے 2.7 ارب ڈالر تک رہنے کا امکان ہے جبکہ جولائی میں درآمدات 4.5 سے 4.9 ارب ڈالر تک رہنے کا تخمینہ ہے۔

جولائی تا مئی 2024 زرعی شعبے کو 1972 ارب سے زیادہ قرضے دیے گئے، زرعی شعبے کو گزشتہ مالی سال کے مقابلے 26 فیصد زیادہ قرضہ ملا۔