10

بنگلہ دیش اے کی چار روزہ میچ میں پاکستان شاہینز کو 5 رنز سے شکست

بنگلہ دیش اے نے پاکستان شاہینز کو دوسرے چار روزہ میچ میں 5 رنز سے شکست دے کر سیریز برابر کردی۔

آسٹریلیا کے شہر ڈارون میں پاکستان شاہینز اور بنگلہ دیش اے کے درمیان دوسرا چار روزہ میچ کھیلا گیا۔ دوسری اننگز میں پاکستان شاہینز 296 رنز کے تعاقب میں 290 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان شاہینز کی جانب سے دوسری اننگز میں حسیب اللہ 51 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، عمیر بن یوسف نے 45 اور طیب طاہر 43 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ فاسٹ باؤلرز محمد علی اور خرم شہزاد نے آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 57 رنز کا اضافہ کیا لیکن ٹیم کو نہ جتواس کے۔

بنگلہ دیش اے کے گیند باز محمود الحسن جوئے کی عمدہ باؤلنگ کے آگئے پاکستانی شاہینز نہ ٹک سکے، انہوں نے 5 شاہینوں کو پویلین واپس بھجوایا۔ اس طرح بنگلہ دیش اے نے صرف 5 رنز سے دوسرا میچ اپنے نام کیا۔

بنگلہ دیش اے کی فتح کے بعد دو میچز پر مشتمل چار روزہ میچز کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔

پاکستان شاہینز 4 اور 6 اگست کو این ٹی اسٹرائیک اور بنگلہ دیش اے کے خلاف دو ون ڈے میچز کھیلے گی۔