277

لاہور قلندرز کو مسلسل چھٹی شکست

دبئی: پاکستان سپر لیگ کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 6 وکٹ سے شکست دے دی اور اب لاہور کسی طرح بھی آگلے مرحلے میں نہیں پہنچ سکتی ہے۔ 

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 163 رنز بنائے جس کے جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے مطلوبہ ہدف 2 اوور پہلے ہی 4 وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔اسلام آباد کی جانب سے جے پی ڈومینی اور لیوک رونکی نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو 47 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا لیکن ڈومینی 21 رنز بنانے کے بعد سنیل نارائن کا شکار بن گئے۔

حیران کن طور پر شاداب خان کو تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے بھیجا گیا اور انہوں نے بھی مینجمنٹ کی امیدوں پر پورا اترتے ہوئے لیوک رونکی کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 87 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد شاداب 32 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ آصف علی صرف 7 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

لیوک رونکی وکٹ پر ڈٹے رہے اور انہوں نے 22 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کرکے پاکستان سپر لیگ میں تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا، انہوں نے گزشتہ میچ میں 23 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی تھی جب کہ وہ 41 گیندوں پر 77 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تو لاہور قلندرز کی جانب سے اننگز کا آغاز فخرزمان اور پال ڈیوچ نے کیا، دونوں اوپنرز نے 56 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی تاہم فخر زمان 34 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

ون ڈاؤن آنے والے آغا سلمان صرف 8 رنز ہی بناسکے  جب کہ اوپنر پال ڈیوچ نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 62 رنز بنائے تاہم 122 کے مجموعی اسکور پر وہ فہیم اشرف کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

اوپنرز کی شاندار کارکردگی کے بعد لاہور قلندرز کا مڈل آرڈر خاص مزاحمت نہ کرسکا، دنیش رامدین بھی صرف 9 رنز بناکر فہیم اشرف کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

مڈل آرڈر کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان برینڈن مک کولم نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور صرف 13 گیندوں پر 34 رنز کی اننگ کھیلی جس کی بدولت لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے۔