169

چیئرمین سینیٹ کیلئے بھی ہارس ٹریڈنگ ہوسکتی ہے‘ نوازشریف

اسلام آباد ۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد اورسابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ مجھ پرجعلی کیس بنایا گیا اور یہ سب کچھ بڑے منصوبے کے تحت ہورہا ہے، چیئرمین اورڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے ہارس ٹریڈنگ ہوسکتی ہے، رضا ربانی کا نام بطور چیئرمین سینیٹ دینے کا مقصد ہارس ٹریڈنگ سے بچنا تھا، مولانا صاحب ہمارے بھی اچھے دوست ہیں، میرے خلاف کیس بوگس ہے چھ مہینے ہوگئے آج تک پتہ نہیں چل سکا کہ نواز شریف کے خلاف الزام ہے یا نہیں ۔

چیئرمین سینٹ ایسا شخص دیکھنا چاہتے ہیں جس کی جمہوریت کے لئے کمٹمنٹ ہو ‘ رضا ربانی کی پارٹی قیادت چیئرمین سینٹ کے لئے ان کی حمایت نہیں کررہی اب (ن) لیگ میں چیئرمین سینٹ کا امیدوار تلاش کریں گے۔ وہ جمعرات کویہاں پیشی سے قبل اور پیشی کے بعد احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔سابق وزیر اعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ 6 ماہ میں معلوم نہیں چل سکا کہ مجھ پرالزام کیا ہے۔

6 ماہ میں مجھ پرکرپشن کا کوئی الزام نہیں لگ سکا، مجھ پرجعلی کیس بنایا گیا اوریہ سب کچھ بڑے منصوبے کے تحت ہورہا ہے، رابرٹ ریڈلے کو بڑے ارمانوں سے لے کر آئے تھے اوروہ ہمارا ہی کیس بنا کر چلا گیا۔نوازشریف کا کہنا تھا کہ رضا ربانی اپنا کام اچھے طریقے سے کرتے ہیں وہ موزوں آدمی ہیں، چیئرمین اورڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے ہارس ٹریڈنگ ہوسکتی ہے، رضا ربانی کا نام بطور چیئرمین سینیٹ دینے کا مقصد ہارس ٹریڈنگ سے بچنا تھا۔

نوازشریف نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے لیے مشاورت بھی کی، ان ہی کی حمایت کریں گے، اپوزیشن اورہماری خواہش ہے کہ رضاربانی کی چیئرمین سینیٹ بنیں، بلوچستان میں دو تین ماہ پہلے ہی ہارس ٹریڈنگ شروع ہو گئی تھی جب کہ ہارس ٹریڈنگ ایک بری روایت ہے جس کا سدباب ہونا چاہیے۔نوازشریف نے کہا کہ سینیٹ میں ہم اکثریتی جماعت ہیں اورہمارا حق ہے کہ امیدواردیں، فضل الرحمان، محمود اچکزئی اورمیر حاصل بزنجو کو ملا کراچھی خاصی تعداد بن جاتی ہے۔

دوران گفتگو صحافی کی جانب سے کہا گیا کہ مولانا فضل الرحمان کی آصف زرداری سے اچھی دوستی ہے جس پرنواز شریف نے کہا کہ مولانا صاحب ہمارے بھی اچھے دوست ہیں۔ دریں اثناء احتساب عدالت میں پیشی کے بعد جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ ایک منصوبے کے تحت سب کچھ ہورہا ہے چھ ماہ ہوگئے آج تک یہ پتہ نہیں چل سکا میرے خلاف الزام ہے یا نہیں۔ اگر کرپشن کا الزام ہوتا تو کیس دو ماہ میں حل ہوجاتا۔

یہ گرینڈ ڈیزائن منصوبہ ہے جس کے تحت سارا کام ہورہا ہے یہ جعلی کیس ہے۔ پاکستانی قوم کے پیسے کو فیس کی حیثیت سے دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے رابرٹ ریڈلے کی گواہی ہمارے حق میں گئی چھ ماہ میں کوئی الزام ثابت نہیں ہوسکا۔ چیئرمین سینٹ اس شخص کو دیکھنا چاہتے ہیں جو جمہوریت پسند ہو۔ ان لوگوں کو کٹہرے میں لانا چاہتے ہیں جن کی وجہ سے وزیراعظم نااہل ہوا۔

سینٹ میں اگر پیپلز پارٹی رضا ربانی کو لاتی ہے تو حمایت کریں گے۔ کسی نے کہا کہ (ن) لیگ کا چیئرمین سینٹ نہیں آرہا ایسا شخص چیئرمین سینٹ دیکھنا چاہتے ہیں جس کی جمہوریت کیلئے کمٹمنٹ ہو۔ چیئرمین سینٹ کے لئے اتحادی جماعتوں سے مشاورت کی گئی۔ ہماری اور اتحادی جماعتوں کی خواہش تھی کہ رضا ربانی چیئرمین سینٹ رہیں۔ تین بار ملک کا وزیراعظم رہ چکا ہوں کرپشن ہوتی تو ثابت ہوجاتی بلیک لاء ڈکشنری کا پتہ اس کیس کے بعد چلا۔ 

اس کیس میں کچھ نہیں ہے واجد ضیاء نے کل کہا کہ والیم 10 غیر متعلقہ ہے تحقیقات اب ہورہی ہیں تو پہلے کیا پیش کیا گیا؟ یہ ریفرنسز بوگس ہیں یہ ریفرنس بنتا ہی نہیں اس دور میں یا پچھلے ادوار میں کرپشن کا ایک بھی کیس دکھائیں پانچ مرتبہ پبلک آفس ہولڈر رہا لیکن کرپشن کا ایک بھی کیس نہیں۔ میری پیدائش سے پہلے کے اثاثے ڈھونڈے جارہے ہیں میڈیا والے بتائیں کہ ان ریفرنسز میں میرے خلاف کیا ہے؟ کیا میڈیا والوں کو ان ریفرنس میں میرے خلاف کچھ نظر آرہا ہے۔