13

پاکستان شاہینز نے بنگلہ دیش اے کو 148 رنز سے شکست دیدی

ڈارون: پاکستان شاہینز نے بنگلہ دیش اے کو چار روزہ میچ میں 148 رنز سے شکست دے دی، بائیں بازو کے اسپنر مہران ممتاز اور فاسٹ بولر شاہنواز دھانی نے عمدہ بولنگ کی۔

ڈارون کے ڈی ایکس سی ایرینا میں کھیلے گئے اس میچ میں بنگلہ دیش اے کو جیتنے کے لیے 428 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن  مہران ممتاز اور شاہنواز دھانی کی عمدہ بولنگ کے نتیجے میں وہ اپنی دوسری اننگز میں 279 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

مہران ممتاز نے 84 رنز کے عوض 4 اور شاہنواز دھانی نے 57 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔

بنگلہ دیش اے نے میچ کے آخری روز 20 رنز بغیر کسی نقصان کے دوسری اننگز شروع کی اور پہلی وکٹ کے لیے 50 اور دوسری وکٹ کے لیے 69 رنز کی شراکت قائم کی۔ ایک موقع پر 190 رنز پر اس کی صرف تین وکٹیں گری تھیں لیکن 36 رنز کے اضافے پر اس کی 5 وکٹیں گر گئیں۔

دوسری اننگز میں بنگلہ دیش اے کے امیت حسن نے 14 چوکوں کی مدد سے 71 رنز اسکور کیے۔ پرویز حسین نے57 رنز بنائے جس میں چھ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔

بنگلہ دیش اے کی آخری وکٹ کی شراکت میں بننے والے 29 رنز کی وجہ سے پاکستان شاہینز کو جیت کے لیے کچھ انتظار  کرنا پڑا تاہم محمد علی نے آخری بیٹر مقید الاسلام کو ہریرہ کے ہاتھوں کیچ کرا کر جیت کو یقینی بنایا۔

پاکستان شاہینز نے پہلی اننگز 467 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی تھی جس میں محمد ہریرہ 218 اور کامران غلام 100 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ دوسری اننگز 226 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی جس میں عمیر بن یوسف 100 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور مبصر خان نے 95 بنائے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا چار روزہ میچ جمعے سے اسی گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔