14

بابراعظم، رضوان، شاہین سمیت دیگر کرکٹرز کو این او سی کیوں نہیں مل رہا؟

کینیڈا کی گلوبل ٹی20 لیگ کا چوتھا ایڈیشن رواں ماہ 25 جولائی سے 11 اگست تک ہوگا تاہم ایونٹ کو ابھی تک انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے منظوری نہیں دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق منتظمین کا کہنا ہے کہ کینیڈا کرکٹ بورڈ نے اپنے واجبات تاحال ادا نہیں کیے، جس کے باعث لیگ کی منظوری نہیں دی گئی۔

اسی بھارت سے تعلق رکھنے والی فرنچائز کے مالک کی مبینہ مشکوک سرگرمیوں اور تحقیقات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس میں آنے والے دنوں میں ممکنہ طور پر سنسنی خیز تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔

آئی سی سی نے ایسے معاملات پر تبصرہ نہ کرنے کی اپنی پالیسی برقرار رکھی ہے۔

ایونٹ میں شرکت کیلئے پاکستانی ٹیم کے کئی بڑے ناموں کو این او سی کا انتظار ہے جس میں فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی، محمد رضوان، بابراعظم، محمد نواز اور محمد عامر شامل ہیں۔

تاہم پی سی بی نے آئی سی سی کی جانب سے ٹورنامنٹ کی عدم منظوری کو وجہ بتاتے ہوئے ایونٹ کے لیے کھلاڑیوں کو ابھی تک این او سی جاری نہیں کیا۔

قبل ازیں بورڈ نے اعلان کیا تھا کہ کھلاڑیوں کے ورک مینجمنٹ کو دیکھتے ہوئے انہیں محدود لیگز میں شرکت کی اجازت دے گا تاہم ابھی تک مکمل تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔