قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عامر جمال انگلش کاؤنٹی واروکشائر کے لیے کھیلنے کے دوران انجری کا شکار ہوگئے۔
واروکشائرکاؤنٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عامر جمال کی کمر میں تکلیف کی تشخیص ہوئی ہے۔ عامر جمال کاؤنٹی کرکٹ کے باقی میچز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ عامر جمال نے اپریل میں واروکشائر کاؤنٹی کی ٹیم کو جوائن کیا تھا۔
واروکشائرکاؤنٹی کے مطابق کمر کی تکلیف کے باعث عامر جمال کے پاس کھیلنے کے بہت کم مواقع دستیاب تھے، عامر جمال صرف 2 کاؤنٹی اور ایک وٹالٹی بلاسٹ کا میچ کھیل سکے، عامر جمال نے میڈیکل اور اسٹرینتھ اینڈکنڈیشننگ ٹیم کے ساتھ بھرپور محنت کی، بدقسمتی سے عامر جمال اپنے بھرپور ردھم کے ساتھ بولنگ نہیں کرسکے۔
واروکشائرکاؤنٹی کا کہنا ہےکہ عامر جمال سے 19 جولائی تک معاہدہ ہوا تھا، ری ہیب پلان کے مطابق عامر جمال معاہدے تک فٹ نہیں ہوسکتے۔
عامر جمال کا کہنا ہےکہ یہ انجری مجھے پہلی مرتبہ ہوئی ہے، اسے قبول کرنا میرے لیے بڑا چیلنج ہے، اب میرا تمام تر فوکس مکمل فٹنس حاصل کرنے پر ہے۔