19

قومی ٹیم میں تبدیلیاں زیرِ غور، چیئرمین پی سی بی نے سرفراز کو لاہور بُلا لیا

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی جتوانے والے سابق کپتان سرفراز احمد کو ملاقات کے لیے لاہور بلالیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی اور جاری مسائل پر بات چیت کے لیے سرفراز محسن نقوی سے ملاقات کریں گے۔ سرفراز احمد اس وقت پی سی بی کے زیرِ اہتمام پری سیزن فٹنس کیمپ کا حصہ ہیں۔

پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن اور ریڈ بال کوچ جیسن گلسپی بھی محسن نقوی سے ملاقات کے لیے اس وقت لاہور میں موجود ہیں۔

خیال رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ٹیم کو سرجری کی ضرورت ہے۔ میں صرف ان سابق کرکٹرز سے بات کررہا ہوں جو پاکستان کرکٹ کی بہتری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

یہ بھی ذہن میں رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد 7 ماہ بعد ایک مرتبہ پھر سے وائٹ کِٹ زیبِ تن کرنے کے لیے تیار ہیں، بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔

یہ خبریں بھی سامنے آئی ہیں کہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں محمد رضوان کی جگہ سرفراز احمد وکٹ کیپنگ کرتے نظر آسکتے ہیں۔ دونوں ٹیسٹ میچز میں بابر اعظم سمیت کچھ سینئر کھلاڑیوں کو آرام بھی دیا جاسکتا ہے۔