آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ بھارت کی جیت کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا ،پورے ٹورنامنٹ میں بھارتی ٹیم ناقابل شکست رہی لیکن انفرادی کارکردگی میں افغانستان کے کھلاڑی سرفہرست رہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں انفرادی کارکردگی کے لحاظ سے افغانستان کے اوپنر رحمنٰ اللہ گرباز 281 رنز بناکر ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بنے۔
بھارت کے روہت شرما نے 257، آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ نے 255 اور کوئنٹن ڈی کوک نے 243 رنز اسکور کیے۔
بولنگ کی بات کریں تو افغانستان کے فاسٹ بولر فضل الحق فاروقی اور بھارت کے ارشدیپ سنگھ نے 17 ، 17 وکٹیں حاصل کیں، جنوبی افریقا کے اینرخ نوکیا اوربھارت کے جسپریت بمرا نے 15، 15 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ارشدیپ سنگھ اور فضل الحق فاروقی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ بنادیا۔
بھارت کے جسپریت بمرا نے ٹورنامنٹ میں 110 ڈاٹ بالز کرائیں جبکہ ان کا ٹورنامنٹ میں اکانومی ریٹ 4.17 رہا ، یہ بھی ٹورنامنٹ کا ایک ریکارڈ ہے ۔
واضح رہے کہ بھارت آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو شکست دیکر دوسری بار ٹی ٹوئنٹی کا عالمی چیمپئن بن گیا۔
بھارت کے 177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی بولرز نے جنوبی افریقا سے جیتا ہوا میچ چھین لیا، جنوبی افریقا کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنا سکی اور اسے 7 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔